سرسی:23/ دسمبر(ایس اؤنیوز)انتخابات میں ترقی کی بنیاد پر جیت حاصل نہ ہونے کی بنا پر فسادات کے ذریعے فتح کا خواب دیکھنے والے عوامی نمائندوں کو عوام ہی سبق سکھائیں گے۔ فسادات ہونے پر ہمارے جیسے سیاست دانوں کا کچھ نہیں بگڑتا، مگر معصوم اور غریب لوگ اس کا شکار ہوتےہیں۔ ان خیالات کا اظہار ضلع نگراں کاروزیر آر وی دیش پانڈے نےکیا۔
سرسی فسادات کے متعلق اخبارنویسوں کی طرف سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے دیش پانڈے نےکہاکہ کانگریس اقتدارسنبھال کر ساڑھے چار برس ہوگئے کہیں بھی ایک بھی فساد نہیں ہوا، اب بی جےپی والے فسادبرپا کرکے جیت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو میں کچھ نہیں کہونگا بلکہ خود عوام ہی اس کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ضلع میں وزیر اعلیٰ کے دورےکو جس طرح کی مقبولیت ، عوامی شہرت حاصل ہوئی ہے اس سے بی جے پی مایو س ہوکر پریش میستا کی موت کے بہانے ضلع کے حالات کو بگاڑنے میں لگے ہوئے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ ایک ذمہ دارانہ مقام پر فائز عوامی نمائندوں کو یہ مناسب نہیں ہے۔
وزیر موصوف نے حکومت کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کا کام قانونی نظام کو بحال و برقرار رکھتے ہوئے اس کاتحفظ ہے۔ واٹس اپ، فیس بک کے ذریعے یک جہتی ، بھائی چارگی اور امن والے پیغامات پوسٹ ہونے چاہئے اس کے بجائے آج ان سے آگ لگانے کاکام لئے جانے پر افسوس کا اظہارکیا۔ انہوں نے متنبہ کیاکہ امن میں خلل ڈالنے والے وہ کتنے ہی بڑے کیوں نہ ہوں ممکن نہیں کہ انہیں بخشا جائے۔کل کے لیڈر مانے جانے والے نوجوانوں کوسوچنا چاہئے کہ وہ کسی کے سیاسی فائدے کے لئے مشتعل ہوکر قانون ہاتھ میں لینے سے ان کا مستقبل برباد ہوجائے گا۔
خود اننت کمار کی بے عزتی : مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے ریاستی وزیراعلیٰ کے خلاف ایک لہجے میں بات کرنے سے وزیراعلیٰ کی نہیں بلکہ خود ان کی بےعزتی ہورہی ہے،اننت کمار ہیگڈے کو پارٹی کی بنیاد پر نہیں بلکہ ریاست کے وزیراعلیٰ کے عہدے کا احترام کرنا سیکھنا چاہئے۔ کانگریس نے منی شنکر ائیر نے جب وزیراعظم کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کیاتو انہیں بنیاد ی ممبرشپ سے نکال دیا۔ بی جے پی کو ایسی تہذیب اپنانے کا مشورہ دیا۔